نیویارک ( جنگ نیوز)رواں برس ٹینس کی جرمن خاتون کھلاڑی انجلیک کربر کے لیے بہت خوش قسمت رہا ہے۔ وہ سیرینا ولیمز کی جگہ عالمی نمبر ایک بن گئی ہیں اور ہفتے کے روز دوسرا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ بھی جیت سکتی ہیں۔ جرمن کھلاڑی اسٹیفی گراف کے بعد کوئی بھی جرمن خاتون کھلاڑی انیس برس تک عالمی نمبر ایک کی پوزیشن پر فائز نہ ہو سکی۔ کربر پیر کے دن باقاعدہ طور پر یہ اعزاز اپنے نام کر لیں گی ۔ ویمن ٹینس کی عالمی درجہ بندی کا اعلان اگلے ہفتے پیر بارہ ستمبر سے ہو گا لیکن پوائنٹس کی بنیاد پر انجلیک کیربر ورلڈ نمبر ون بن گئی ہیں۔ یو ایس اوپن کے ویمن فائنل کا نتیجہ کیربر کی نئی پوزیشن پر کسی صورت اثرانداز نہیں ہو گا۔ سرینا ولیمز جرمن کھلاڑی اسٹیفی گراف کا بائیس گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہی ہیں۔ بارہ ستمبر کو سیرینا ولیمز 186ہفتوں کے بعد عالمی نمبر ایک کے مقام سے تنزلی کے بعد دوسری پوزیشن پر پہنچ جائیں گی۔ مسلسل 186 ہفتے عالمی نمبر ایک رہنے کا ریکارڈ بھی وہ اسٹیفی گراف کے ساتھ شیئر کرتی ہیں۔ انجلیک کیربر رواں برس آسٹریلین اوپن جیت کر ٹاپ فائیو کھلاڑیوں میں شمار کی جانے لگی تھیں۔