فیصل آباد(نامہ نگارخصوصی)کینال روڈ پرمدینہ ٹاؤن ٹھٹھہ پل کے نزدیک قائم کوڑا سٹینڈ مکینوں کیلئے عذاب بن چکاہے۔ہروقت ماحول تعفن زدہ رہنے سے مکین بیماریوں کا شکار ہونے لگے ۔مدینہ ٹاؤن کے علاقہ کینال روڈ ٹھٹھہ پل کے قریب فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے کوڑا سٹینڈ قائم کیا گیا ہے لیکن وہاں پر جمع ہونے والا کوڑا کئی کئی روز تک وہاں پڑا رہتا ہے جس کی وجہ سے ماحول تعفن زدہ رہتا ہے ۔ملحقہ علاقہ میں رہائش پذیر مکین اورکاروباری افراد اذیت میں مبتلا ہیں اور مختلف بیماریوں کا بھی شکار ہو رہے ہیں۔ مکینوں کاکہنا تھا کہ گنجان آباد جگہ پر کوڑا سٹینڈ کا قیام فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ناقص منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے اور کمپنی انتظامیہ کی جانب سے وہاں سےکوڑا کرکٹ نہ اٹھانے سے دو منزلہ ڈھیر لگ چکے ہیں کئی بار کمپنی انتظامیہ سےدرخواست کی لیکن کوئی بات سننے کو تیار نہیں جس پر سراپا احتجاج ہیں۔اس حوالے سے کمپنی ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں کینال روڈ پر قائم کوڑا سٹینڈبارےعلم نہیں ہے صبح پتہ کرکے بتاؤں گی۔