• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس 127، ایم کیو ایم کے وسیم احمد نےپی پی کے غلام مرتضیٰ بلوچ کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکوانے کیلئے عدالت عالیہ سے رجوع کرلیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) انتخابی حلقہ پی ایس 127سے نامزد ایم کیو ایم کے امیدوار وسیم احمد نے پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار غلام مرتضی ٰ بلوچ کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو رکوانے کیلئے عدالت عالیہ سے رجوع کرلیاہے۔ ہفتے کو درخواست گزار نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ وہ انتخابی حلقے پی ایس 127سے ایم کیو ایم کے نامزد امید وار تھے اور 8ستمبر کو ملیر کی نشست پرہونے والے ضمنی انتخابات کے دن 51پولنگ اسٹیشنوں پر منظم منصوبہ بندی کے تحت دھاندلی کی گئی اورانکی جانب سے پی پی پی کے کامیاب امید وار غلام مرتضیٰ بلوچ کی کامیابی کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا جائے گا،لہٰذااستدعا ہے کہ الیکشن ٹریبونل کے فیصلے تک غلام مرتضیٰ بلوچ کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو روکا جائے۔ بعدازاں ایم کیو ایم کے نامزد امیدوار وسیم احمد کے وکلا کا کہنا تھا کہ8ستمبر2016 کو ضمنی انتخابات کے دن ووٹرز کو ہراساں کیا گیا اور انہیں پولنگ اسٹیشن کے فارم 14نہیں دئیے گئے اس لیے پی پی پی کے امیدوار کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو روکا اور غلام مرتضیٰ بلوچ کو نااہل قرار دیتے ہوئے ضمنی انتخابات کو کالعدم قرار دیا جائے۔
تازہ ترین