• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کربرعالمی نمبرایک بنتے ہی یو ایس ٹینس ٹائٹل لے اڑیں، اسٹیفی کے بعد دوسری جرمن پلیئر

نیویارک ( جنگ نیوز) جرمن اسٹار اینجلک کربر نے امریکا کی سرینا ولیمز کا تختہ الٹ دیا۔ توقعات کے مطابق کربر نے یو ایس اوپن کے فائنل میں جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا کو زیر کرکے نہ صرف سال کا آخری گرینڈ سلم ٹائٹل جیت لیا بلکہ سرینا کو عالمی نمبر ایک پوزیشن سے بھی محروم کرکے دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی بن گئیں، وہ 19 برس بعد اس درجہ پر فائض ہونے والی دوسری جرمن پلیئر ہیں،اس سے قبل اسٹیفی گراف ٹاپ رینک کھلاڑی تھیں۔وہ جرمنی کی لیجنڈ اسٹیفی گراف کے بعد یو ایس اوپن جیتنے والی پہلی خاتون ہیں۔گراف نے 1996 میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔جنوری میں آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے والی کربر نے گزشتہ روز نیو یارک کے کورٹ میں یو ایس اوپن کے فائنل میچ میں عمدہ کارکردگی دکھائی اور یہ ٹائٹل بھی جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں سنسنی خیز مقابلے میں 6-3 ،6-4  اور 6-4 سے فتح حاصل کی۔ کربر نے پہلے سیٹ میں پلسکووا کی شدید مزاحمت کے باوجود سیٹ 6-3 سے اپنے نام کر لیا۔ البتہ دوسرے سیٹ میں پلسکووا نے جرمن حریف کو حاوی ہونے کا کوئی موقع فراہم نہ کیا اور 6-4 سے سیٹ جیت کر مقابلہ ایک ایک سیٹ سے برابر کردیا۔ انہوں نے تیسرے سیٹ میں عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سروس بریک کی اور 3-1 کی برتری حاصل کی اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ لگا تار 12ویں میچ جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گی لیکن کربر نے میچ میں حیران کن انداز میں واپسی کرتے ہوئے پلسکووا کو چاروں خانے چت کردیا اور سیٹ 6-4 سے اپنے کر کے ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔کربر اس سال ومبلڈن کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں لیکن امریکی اسٹار کھلاڑی سرینا ولیمز سے ہار گئی تھیں۔ عالمی رینکنگ میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کرنے پر کربر نے کہا ہے کہ ان کے بچپن کا خواب پورا ہو گیا ہے یہ شاندار ہے کہ ایک ہی سیزن میں میں نے دوسرا گرینڈ سلم ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ یہ میری زندگی کا بہترین سال ہے۔ عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہوناخاص بات ہے کیونکہ میں بچپن میں اکثر اس اعزاز کا حاصل کرنے کے خواب دیکھا کرتی تھی۔
تازہ ترین