راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کر کے 2افراد کو قتل کر دیا گیا۔ تھانہ رتہ امرال کے علاقہ ریلوے کالونی لوکوشیڈ میں امام مسجد کے بیٹے کو قتل کر دیا گیا‘ ایس ایچ او ملک افضل نے بتایا کہ حافظ محمد صدیق کی بیٹی کی شادی امان اللہ سے ہوئی‘ جن کے درمیان تنسیخ نکاح کا مقدمہ چل رہا ہے‘ اسی کالونی میں رہائش پذیر جواد شاہ امام مسجد کے ہمراہ عدالت میں گیا جس پر امان اللہ کے دوست راجہ شوکت نے جواد کی والدہ سے اس بارے گلہ کیا۔ اتوار کو وہ کالونی میں اسکی ماں سے گلہ کر رہا تھا کہ حافظ صدیق کا بیٹا حافظ حبیب بھی وہاں آ گیا اور اس کی راجہ شوکت وغیرہ سے تلخ کلامی ہوگئی‘ اس دوران شوکت وغیرہ کی فائرنگ سے ایک گولی حبیب کی پیشانی پر لگی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا‘ اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔ تھانہ پیرودھائی کے علاقہ گلی نمبر11 فوجی کالونی میں قمر آغا ولد سخی داد کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ سب انسپکٹر راجہ عامر نے بتایا کہ کچھ دن قبل عاطف عباسی کی والدہ کا اسلام عباسی سے جھگڑا ہوا جس کا گلہ کرنے کیلئے قمر آغا اپنے بھائی گل آغا اور سردارخان کے ہمراہ فوجی کالونی میں اسلام عباسی کے پراپرٹی دفتر میں گئے جہاں اسلام عباسی اپنے بھائیوں نعمان عباسی اور اخوان عباسی کے ہمراہ موجود تھا‘ جہاں انکی تلخ کلامی کے بعد بات بڑھ گئی اور قمرآغا کے دفتر کے شیشے وغیرہ توڑ دیئے۔ اسلام عباسی نے پسٹل سے قمر آغا پر فائر کیا‘ ایک گولی اسے لگی جس سے وہ زخمی ہو کر گر پڑا جبکہ اسلام عباسی اور اسکے بھائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے جبکہ ازاں بعد قمر آغا دم توڑگیا۔