اسلام آباد ( صباح نیوز)منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت ملک بھر میں پانچ سے سات اقتصادی زون قائم کئے جائیں گے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر سمیت تمام صوبوں میں ایک ، ایک اقتصادی زون بنے گا ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ تمام صوبائی حکومتوں سے کہاگیا ہے کہ وہ ان اقتصادی زونز کی تعمیر کیلئے مفید اور پرکشش جگہوں کی نشاندہی کریں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بلوچستان خطے کیلئے تجارتی راہداری بنے گا اورمقامی لوگوں کو روز گار کے مواقع اور معاشی ترقی کے زیادہ سے زیادہ ثمرات ملیں گے ۔ایک اور سوال کے جواب میں احسن اقبال نے کہاکہ تمام متعلقہ فریق اقتصادی راہداری کی حمایت کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ راہداری کے مغربی روٹ پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔