سکھر(بیورو رپورٹ) نیشنل ایکشن پلان کے تحت عید الاضحی کے موقع پر امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے پولیس اور رینجرز نے سکھرشہر سمیت ضلع کے مختلف علاقوں میں مشترکہ سرچ آپریشن کیا اور اس دوران 10مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ عید الاضحی کے موقع پر پولیس نے سیکیورٹی کے سخت حفاظتی اقدامات کئے ہیں، مجموعی طور پر ضلع بھر میں140مقامات پر نماز عید ادا کی جائے گی جن کی سیکیورٹی کے لئے 1055 پولیس افسران اور اہلکار 31موبائلوں اور جدید اسلحہ کے ساتھ تعینات ہوں گے جبکہ امن وامان کو بحال رکھنے کے لئے رینجرز کے افسران اور جوان بھی پولیس کے ساتھ ہوں گے۔ ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر امن وامان کی فضا کو بحال رکھنے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے لئے پولیس اور رینجرز نے مشترکہ طور پر آپریشن کیا۔ اس دوران مختلف مسافر خانوں، ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز کی سرچنگ کی گئی اور ان کا مکمل ریکارڈ چیک کیا گیا، 10مشتبہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا جن سے تفتیش کی جارہی ہے، زیر حراست افراد کے کوائف چیک کئے جارہے ہیں۔ شہر سمیت ضلع کے تمام ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز، مسافر خانوں کی انتظامیہ کو واضح طور پر ہدایات دی گئی ہیں کہ جو بھی مسافر ان کے پاس قیام کرے اس کا مکمل ریکارڈ متعلقہ انتظامیہ کے پاس ہونا چاہئے، پولیس اس حوالے سے اچانک چیکنگ کرے گی، اگر کوئی بھی ایسا شخص جس کے کوائف مکمل نہ ہوئے وہ کہیں پایا گیا تو نہ صرف اس شخص کے خلاف کارروائی کی جائے گی بلکہ ہوٹل، گیسٹ ہاؤس انتظامیہ کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع کے تمام علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔