• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی کے گھر پر احتجاج کی روایت اچھی نہیں ،ہم نہیں جا ئینگے ،چوہدری شجاعت

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین اورمرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کوئی چھوٹا ہو یا الطاف حسین کی طرح بڑا پاکستان کے خلاف بات کرنے والا ملک دشمن ہے۔ کسی کو اس کی اجازت دیں گے نہ یہ برداشت کریں گے۔ پاکستان ہم 20کروڑ پاکستانیوں کا ہے اور ہم سب اس کا دفاع کرنا اور اس کیلئے قربانی دینا بخوبی جانتے ہیں۔ پنجاب میں سکیورٹی اداروں کےآپریشن میں  گرفتاریوں سے اِن ہائوس تبدیلی بھی آ سکتی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت  نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور یکجہتی کا تحفظ کسی ایک پارٹی کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے اور وطن عزیز کے لیے ہم سب متحد ہیں، پنجاب میں رینجرز کو اختیارات دینے کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسے اختیارات دئیے نہیں لیے جاتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیاست اپنی جگہ مگر کسی کے گھر پر احتجاج نہیں ہونا چاہئے اور یہ روایت اچھی بھی نہیں، ہم کسی کے گھر احتجاج کیلئے جانے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے اپوزیشن جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنے کے فیصلے کو سراہتے ہیں۔ چودھری پرویزالہیٰ نے  کہا کہ عیدالاضحی پر عوام نے قربانی تو دے دی ہے اب حکمرانوں کی باری ہے، اللہ جانتا ہے کہ اس کا پہلا شکار کون ہو گا، نیشنل ایکشن پلان میں شامل تمام سیاسی جماعتیں پنجاب میں آپریشن کے حق میں تھیں مگر حکومت اس میں رکاوٹیں ڈال رہی تھی۔ اب رینجرز نے آپریشن شروع کیا ہے تو سب سے زیادہ دہشت گرد پنجاب سے نکل رہے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پنجاب حکومت کی غلط پالیسیوں سے چھوٹو گینگ سمیت کئی دہشت گردوں اور مجرموں نے یہاں پناہ لے رکھی تھی۔
تازہ ترین