• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، بلدیاتی نظام کی بحالی کے باوجود شہر میں صفائی کا فقدان

سکھر(بیور ورپورٹ) بلدیاتی نظام کی بحال کے باوجود سکھر شہر میں صفائی ستھرائی کا فقدان رہا ، عیدالاضحی کے بعد بھی صفائی ستھرائی کے ناقص انتظام اور آلائشیں بر وقت نہ اٹھائے جانے پر شہریوں کو سخت مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا، سکھر شہر میں صفائی ستھرائی کی صورتحال اس قدر خراب تھی کہ عید الاضحی کے تینوں روز شہر کے اکثریتی علاقوں میں گندگی کے ڈھیر، آلائشیں، سیوریج کا پانی صبح ہی سے جمع ہونے کے باعث لوگ مشکلات سے دوچار رہے۔ نالیاں گٹر بند ہونے سے سیوریج کا پانی جمع ہو گیا اور اس پانی میں قربانی کے جانوروں کا خون بھی شامل ہوگیا چند اہم ترین شاہراہوں کو جہاں آبادی انتہائی کم ہے اور ان شاہراہوں سے منتخب نمائندوں ، افسران اور دیگر بڑی شخصیات کا گذرہوتا ہے ان شاہراہوں کو صاف کرنے میں محکمہ نساسک کا عملہ مصروف دکھائی دیا تاہم شہرکی گنجان آبادی والے علاقے گھنٹہ گھر چوک، میانی روڈ، ڈھک روڈِ، لیاقت چوک، باغ حیات علی شاہ، اناج بازار، پان منڈی، غریب آباد واریتڑ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں گندگی کے ڈھیر اور آلائشوں کی موجودگی کے باعث اٹھنے والے تعفن نے علاقہ مکینوں کو مشکلات سے دوچار رکھا، عید الاضحی سے قبل میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے محکمہ نساسک کے افسران کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا تھاکہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مکمل طور پر فعال رکھنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں، بڑی تعداد میں گاڑیاں، آٹو رکشہ اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیوں کے ذریعے گندگی کواٹھایا جائے گا خاص طور پر آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لئے بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے گی لیکن محکمہ نساسک نے ماضی کی طرح اس سال بھی حکومت اور بلدیاتی نمائندوں کے احکامات کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کے نظام پر کوئی خاطر خواہ توجہ نہیں دی، محکمہ نساسک کی کارکردگی کو 8سال سے منتخب نمائندے، حکومتی وزراء، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ اور انتظامی افسران بہتر بنانے کے لئے ہدایات دیتے رہے ہیں چند ماہ قبل قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے نساسک کی ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار بھی کیا تھا، اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ پانی کے بحران پر محکمہ نساسک کے افسران پر برہمی کا اظہار کرچکے ہیں لیکن محکمہ نساسک کے افسران ٹس سے مس نہیں ہوتے، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے لیکن محکمہ نساسک کی ناقص پالیسیوں کے باعث جو دعوے کئے گئے تھے ان پرعملدرآمد دکھائی نہیں دیا، سکھر کے سیاسی ،سماجی، مذہبی اور عوامی حلقوں نے عید الاضحی کے دن صفائی ستھرائی کے ناقص انتظام کی سخت مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ نساسک کی ناقص کارکردگی اور شہر میں صفائی ستھرائی کی ناگفتہ بے صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور محکمہ نساسک سے صفائی ستھرائی کا معاہدہ منسوخ کر کے شہر سمیت ضلع بھر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے متبادل انتظامات کئے جائیں۔
تازہ ترین