لاہور(آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے مشرف حملہ کیس کے مجرم کو رہا نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق پرویز مشرف حملہ کیس کے مجرم کی والدہ سائرہ خان نے لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے 5 ستمبر کو مجرم عدنان خان کی سزا کا از سر نو تعین کرنے اور نئی تاریخ دینے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے باوجود محکمہ جیل خانہ جات کی طرف سے مجرم کی سزا کا از سر نو تعین نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی نئی تاریخ دی گئی درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ 2003 میں ٹرائل کورٹ نے مشرف حملہ کیس کے مجرم کو 15 برس کی سزا سنائی تھی۔ مجرم اپنی سزا مکمل کرچکا ہے لیکن اس کے باوجود اسے رہا نہیں کیا جارہا، لہذا عدالت اس کی رہائی کا حکم دے عدالت نے اس معاملے پر تفصیلی سماعت کے بعد آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دوہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔