• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ظلم کاخاتمہ اور لوگوں کو انصاف کی فراہمی ہمارا مشن ہے، پرویز خٹک

پشاور(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اُنکی حکومت ظلم کے خلاف برسر اقتدار آئی ہے اور ہمارا مشن ظلم کاخاتمہ اور لوگوں کو انصاف فراہم کرنا ہے یہ احساس بنیادی نکتہ ہے جو پی ٹی آئی اور وکلاء برادری میں قدرے مشترک ہے۔وہ پاکستان بار کونسل کے ایک نمائندہ وفد سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کرر ہے تھے۔ وفد میں پاکستان بار کونسل کے چوہدری اشتیاق احمد، شعیب شاہین، غلام مصطفی، عبد الستار خان جبکہ پنجاب بار کونسل سے حسین فیصل شامل تھے۔ سیکرٹری قانون  اور ایڈوکیٹ جنرل بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ وکلاء برادری ہمارے لئے قابل قدر ہے اُن کا اور ہمارا ایجنڈا ایک ہے وہ ملک میں حقیقی جمہوریت چاہتے ہیںاور اس حوالے سے ہماری جدوجہد زور و شور سے جاری ہے ہمارے اقتدار سے پہلے اداروں میں نا انصافی ہو رہی تھی لوگ انصاف کیلئے در بدر ٹھوکریں کھاتے رہے لیکن انصاف ناپید ہوچکا تھا عوام نے نظام سے تنگ آکر پی ٹی آئی کوچنا ۔یہ چنائو درحقیقت ظلم و زیادتی جو ناقابل برداشت حد تک بڑھ چکی تھی کے آگے بند باندھنا تھا ہم نے اقتدار میں آکر اداروں کو اُنہیں مقاصدکیلئے فعال کیا جن مقاصد کیلئے ان اداروں کو بنایا گیا تھا ہمیں اسٹیٹس کو توڑنے میں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہم عوام کی فلاح پر سمجھوتہ کر ہی نہیں سکتے تھے اسلئے ہم نے اسٹیٹس کو توڑا ۔اسٹیٹس کو نے ہماری راہ میں طرح طرح کی رکاوٹیں کھڑی کیں اور ہر قدم پر ہمیں مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا لیکن ہمارا ایجنڈا عوام کا ایجنڈا تھا اور رہے گا ہم نے اسٹیٹس کو کی قوتوں کو اپنے صوبے میں چاروں شانے چت کردیا ہے ۔اب ادارے عوام کو انصاف دینے لگے ہیں ابھی بھی ہمیں مشکلات کا سامنا ہے لیکن ہم نے عوام کو با اختیار بنانے کیلئے راہ بنا لی ہے وکلاء بھی معاشرے میں ظلم و ناانصافی کے مہیب سایوں کے خلاف برسر پیکار رہتے ہیں اسلئے ہمارا اور وکلاء برادری کا ایجنڈ ا اور مشن ایک ہے اور ہم ملکر معاشرے سے ظلم کو ختم کرنے اور انصاف کا بول بالا کرنے میں کامیاب ہوں گے انہوںنے کہاکہ ہم اور وکلاء فطر ی اتحادی ہیں اور ہماری اجتماعی کاوشیں ایک فعال معاشرے کی تشکیل میں ضرور کامیاب ہوں گی ایک ایسے معاشرے کا قیام ہمارا مشن ہے جو انصاف پر مبنی ہو میرٹ اور قانون کی بالادستی ہو کسی کو دوسروں کے حقوق غضب کرنے کی جرات نہ ہو اور معاشرہ ظلم کے خلاف ڈٹ جانا جانتاہو ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری قوم بہت مظلوم ہے ان سے لوگ ووٹ لے کر انہی پر ظلم کرتے آئے ہیں ایک طرف حکمران اپنی تجوریاں بھرتے رہے ہیں اور دوسری طرف عوام کی غربت اور افلاس بڑھتی گئی ہے جن معاشروں کی بنیاد ناانصافی پر ہوتی ہے اور جن معاشروں کے لوگ انصاف کی تڑپ نہیں رکھتے اور اس کیلئے جدوجہد نہیں کرتے وہ معاشرے زندہ درگور ہوجاتے ہیں۔
تازہ ترین