راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی ڈویژن نے اٹک ایکسائز آفس کی طرف سے پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی سے متعلق آگاہی مہم کے بارے میں گمراہ کن معلومات دینے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کو وارننگ جاری کر دی ہے ، ڈائریکٹوریٹ ایکسائز آفس کے ذرائع کے مطابق اٹک ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس کو ہدایت کی گئی تھی کہ گاڑی کے ذریعے انائونسمنٹ کر کے اور بینرز لگا کر پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کی جائے مگر اٹک دفتر کے حکام نے یہ کام کئے بغیر ہی خودساختہ تصاویر ڈائریکٹر آفس بھجوا دیں ، شک گزرنے پر ڈائریکٹر ایکسائز تنویر عباس گوندل نے جب اپنے انسپکٹر کو وہاں بھجوایا تو نہ انائونسمنٹ کیلئے گاڑی موجود تھی اور نہ ہی بینرز وغیرہ لگوائے گئے تھے جس پر متعلقہ حکام کو وارننگ جاری کر دی گئی۔