پشاور.......خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کی ایپکس کمیٹی نے شاہراہ قراقرم کی سیکیورٹی مزید فعال بنانے، واپڈا کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے اور فرنٹیئر کانسٹبلری کو خیبر پختونخوا میں واپس لانے کے فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔
پشاور میںگورنر خیبر پختونخوا کی صدارت میں گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں امن و امان کی مجموعی صورت حال، نیشنل ایکشن پلان پر پیش رفت اور ٹی ڈی پیز کی واپسی کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ ہوا کہ شاہراہ قراقرم کے خیبر پختونخوا کے حصے کی سیکیورٹی مزید فعال بنائے جائے گی۔
اس اہم شاہراہ پر واپڈا کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ ملک کے مختلف حصوں میں تعینات فرنٹیئر کانسٹبلری کی نفری واپس خیبر پختونخوا لائے جائے گی جس کے لیے گورنر، وفاقی حکومت سے درخواست کریں گے۔ اجلاس میں گلگت بلتستان و خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ جب کہ راول پنڈی اور پشاور کے کور کمانڈرز شریک تھے۔