سکھر ( بیورورپورٹ، چوہدری محمد ارشاد) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج 19ستمبر کو ایک روزہ دورے پر کراچی سے خصوصی پرواز کے ذریعے سکھر ائیرپورٹ پہنچیں گے جہاں سے وہ شکارپور روانہ ہوں گے اور شکارپور کے علاقے خانپور میں عید الضحیٰ کے موقع پر دہشتگر دوں کے حملے کو ناکام بنانے والے شہید پولیس اہلکار محمد رفیق قریشی کے اہل خانہ سے ملیں گے۔ ائیر پو ر ٹ آمد پر کمشنر سکھر محمد عباس بلوچ، ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیروز علی شاہ ، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ سمیت پولیس اور انتظامیہ کے افسران ان کا استقبال کریں گے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سکھر ائیر پورٹ سے شکارپور روانہ ہوں گے جہاں وہ عید الضحیٰ کے موقع پر دہشتگردی کے خطرناک منصوبے کو ناکام بنانے والے شہید پولیس اہلکار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ان کی رہائش گاہ پر جائیں گے اور شہید کے ورثاء سے ملا قا ت کریں گے۔ شکارپور کے دورے کے دور ا ن ڈی آئی جی لاڑکانہ رینج عبداللہ شیخ، ایس ایس پی شکارپور عمر طفیل پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو شکارپور میں عید الضحیٰ کو پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعے کے حوالے سے تفصیلی بر یفنگ دیں گے اور شکارپور میں امن و امان کی مجموعی صور تحا ل کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کو آگاہ کریں گے۔ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زر داری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ شکارپور دورے کے دوران پیپلز پارٹی کی سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔