گجرات (نمائندہ جنگ) ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ بلدیاتی نمائندے یونین کونسلوں سے متعلقہ عوامی مسائل کے حل کے ساتھ تعلیم، صحت کے شعبہ جات کی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں، یونین کونسلوں کو فنڈز کی پہلی قسط جاری کر دی گئی دفاتر کے قیام اور تزئین و آرائش کے لئے ان اخراجات کیلئے قائم کی گئی کمیٹی میں چیئرمین یونین کونسل بطور کنوینئر شامل ہوگا، متعلقہ افسران چیئرمین ضلع کونسل، میئر اور میونسپل کمیٹیوں کے چیئرمین کے دفاتر کی تزئین و آرائش بھی فوری مکمل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کونسل ہال میں تحصیل گجرات سے تعلق رکھنے والے یونین کونسلوں کے چیئرمینوں سے خطاب اور لوکل گورنمنٹ سسٹم کو فعال بنانے کیلئے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، ڈی او سی نواز گوندل، اسسٹنٹ کمشنرز نورالعین، ذوالفقار علی باگڑی، آذبہ آعظم، اے ڈی ایل جی محمود اقبال گوندل، ڈی او سی او الطاف حسین جگ بھی موجود تھے۔