راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) صوبائی سیکرٹری جنگلات جہانزیب خان نے کہا ہے کہ مری اور کوٹلی ستیاں سمیت جنگلات کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اُٹھا نہ رکھیں گے۔ جنگلات کی کٹائی پربلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ بے دریغ اور غیرقانونی کٹائی کی وجہ سے ماحولیاتی تبدیلی رونما ہو رہی ہے اور بارشوں میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس راولپنڈی میں مری اور کوٹلی ستیاں کے جنگلات کے تحفظ کے حوالے سے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ صوبائی سیکرٹری نے محکمہ جنگلات کے حکام کو ہدایت کی کہ پرائیوٹ اور سرکاری جنگلات کی مکمل سمری اور مری اور کوٹلی ستیاں کے جنگلات کی2010ء سے پہلے اور بعد میں دی گئی لیز پر زمین کا مکمل ریکارڈ اپ ڈیٹ کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات کی زمین پر کسی قسم کی غیرقانونی تعمیرات کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ صوبائی سیکرٹری انوائرنمنٹ نوازش علی نے کہا کہ جنگلات کی تیزی سے کٹائی کے باعث زمین کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جو آنیوالے وقتوں میں بہت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔کمشنر راولپنڈی ڈویثرن نے کہا کہ مری اور کوٹلی ستیاں کے جنگلات کے تحفظ اور اس کی بقاء کے لیے ہر ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے ۔