کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے چیئرمین آفتاب لودھی نے کہا ہے کہ پہلی عمر ایسوسی ایٹس آل سندھ بیڈمنٹن چیمپئن شپ 29 ستمبر سے دو اکتوبر تک ڈی اے سن سیٹ کلب میں منعقد ہوگی۔ ایونٹ میں سندھ بھر سے100 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی شرکت کرینگے جو پانچ مختلف کیٹیگریز مینز سنگلز، مینز ڈبلز، ویمنز سنگلز، ویمنز ڈبلز اور بوائز انڈر18 سنگلز میں مد مقابل ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بیڈمنٹن ایسوسی ایشن پورے صوبہ میں کھیل کو فروغ دے رہی ہے، آل سندھ چیمپئن شپ سے صوبے کو نیا ٹیلنٹ دریافت ہوگا ، اسکے علاوہ ایس بی اے کے تحت رواں تعلیمی اداروں میں بھی متعدد ایونٹ منعقد کئے جائینگے، انہوں نے کہا کہ پچھلے سال صوبہ سندھ نے قومی جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا کامیاب انعقادکیا تھا جس کے بعد رواں سال دسمبر میں قومی سینئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ کی میزبانی بھی سندھ کو مل گئی ہے اپنے مثالی انتظامات سے جونیئر کی طرح سینئر چیمپئن شپ کو بھی کامیاب بنائینگے۔ انہوں نے کہا کہ عمر ایسوسی ایٹس کے ایم ڈی ندیم عمر اور ڈی اے سن سینٹ کلب کے سیکریٹری کرنل اظہر کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے چیمپئن شپ کیلئے ہم سے بھر پور تعاون کیا۔ چیمپئن شپ میں عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو نقد انعامات بھی دیئے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ٹیم تشکیل کیلئے پاکستان اسپورٹس بورڈ کراچی سینٹر میں تربیتی کیمپ کا آغاز کردیا گیا ہے کیمپ میں20 مردو خواتین کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جنہیں کوچز اسد اللہ علیم اور انیس الرحمن ان کھلاڑیوں کو تربیت دینگے۔