• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خطے کی ترقی، خوشحالی اور امن کے راستے خیبر پختونخوا سے نکلتے ہیں، عمران خان، پرویز خٹک

پشاور ( نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے ورلڈ بینک کی طرف سے آئندہ اپریل تک 700 ملین ڈالر کے قرضہ کی فراہمی کو سراہا اور کہاکہ خیبرپختونخوا پورے خطے کی کامیابی کی کنجی ہے کیونکہ اس پورے خطے کی ترقی، خوشحالی اور امن کے راستے خیبرپختونخوا سے نکلتے ہیں خیبرپختونخوا کمیونیکشن نیٹ ورک، صنعت، سیاحت، سرمایہ کاری اور پن بجلی جیسے اہم شعبوں میں پائیدار بنیاد فراہم کرے گا جس کے اثرات پورے خطے پر پڑیں گے ان خیالات اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ورلڈ بینک کی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان، اراکین صوبائی اسمبلی جہانگیر ترین اور اسد عمر سمیت ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا محمد اعظم خان، صوبائی وزیر محمد عاطف خان اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی سربراہی میں صوبائی حکومت کی ٹیم اور کنٹری ڈائریکٹر ورلڈبینک کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں ورلڈبینک نے ہیومین ڈویلپمنٹ، انسداد غربت، روزگار کے مواقع، پن بجلی، سیاحت، زراعت، خدمات کی فراہمی اور پبلک سرمایہ کاری کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کے مختلف اقدامات میںفاسٹ ٹریک پر مدد فراہم کرنے کی یقین کرائی ہے،وزیراعلیٰ نے کہاکہ سرمایہ کاری تب بار آور ثابت ہوتی ہے جب یہ اچھے طریقے سے اور نتیجہ خیز حکمت عملی کے تحت کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمیں جتنی جلدی معاونت ملے گی اتنا ہی اس صوبے اور خطے کیلئے بہتر ہو گا کیونکہ صوبائی حکومت نے اپنے بجٹ کا تیس فیصد مقامی حکومتوں کو دے دیا ہے جس سے صوبائی وسائل میں شارٹ فال کا خدشہ ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم مقامی حکومتوں کی مضبوطی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے تھے کیونکہ یہ جمہوریت کی نرسریاں ہیں اس لئے ہم نے ان کی آبیاری کرنی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم بیرونی امداد کو پہلے سے شروع کردہ منصوبوں پر لگائیں گے۔ ہم نے اپنی پبلک پراپرٹی کو کمرشلائز کرکے سورس بیس کو بڑھا دیا ہے۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے صوبائی حکومت کے پلان کو سراہا اور کہاکہ اس کا وژن بہت کلیئر ہے اور اس کے ساتھ آسانی اور سہولت سے کام کریں گے۔انہوںنے انکشاف کیا کہ فاٹا کے صوبے میں ضم ہونے کی صورت میں مدد کو مزید وسعت دی جائے گی اور ایک جامع پلان کے تحت ترقی، انفراسٹرکچر، ڈویلپمنٹ، غربت کے خاتمے، روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور پرامن فضاء کیلئے وسائل فراہم کریں گے۔ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں سیاحت کے بہت مواقع موجود ہیں انہوں نے جتنے سپاٹ دیکھے ہیں پورے ملک کو معاشی بنیاد فراہم کر سکتے ہیں یہاں انفراسٹرکچر کی ترقی اور جی ڈی پی کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ورلڈ بینک نے اس سلسلے میں بھر پور معاونت کا یقین دلایا۔ ورلڈ بینک صوبے میں غربت کی موجودہ شرح 34 فیصد سے کم کرکے 20 فیصد تک لانے اور روزگار کے مواقع 72000 سے بڑھا کر 270000 تک پہنچانے میں معاونت کرے گا۔ اسی طرح ورلڈبینک صنفی مساوات میں موجودہ خلاء کو کم کرنے، ٹیکس اینڈ ریونیو کو وسیع کرنے اور اے ڈی پی کی یو ٹیلائزیشن کی استعداد کے اضافہ کیلئے بھی معاونت کرے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا نے پن بجلی کے منصوبوں کے ذریعے 4000 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے جس کیلئے تقریباً 1.2 ارب ڈالر درکار ہیں لہٰذاان منصوبوں کیلئے بھی بیرونی تعاون کی ضرورت ہے۔ صوبائی حکومت کو سیاحت کے شعبے میں بھی اسی صورت حال کا سامنا ہے جبکہ ملک کے سیاحتی وسائل کا تین چوتھائی صوبہ خیبرپختونخوا میں ہے جو 8.8 ملین سے زیادہ سیاحوں کی میزبانی کی استعداد رکھتا ہے جس سے تقریباً13 ارب روپے حاصل ہو سکتے ہیں۔ اس مقصد کیلئے طویل مدتی اور کم مدتی دو نوں طرح کی معاونت کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین