سکھر(بیور ورپورٹ)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چاروں صوبوں کے طلباء کو یکجا دیکھ کر خوشی ہورہی ہے آپ کی تعلیم سے ملک و قوم کے روشن مستقبل کی امید وابستہ ہے تربیت کے بعد خود کو عوام کی خدمت پر مامور کریں تمام تر چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سکھرآئی بی اے کے طلباء موثر کردارادا کریں، وہ سکھر آئی بی اے میں250 ملین روپے کی لاگت سے انٹر پرائزز ریسورس پلاننگ اور ایگزیکٹو ڈویلپمنٹ سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آئندہ فروری میں سکھر آئی بی اے کے طلباء سے یہاںآ کرمشاورت اور مذاکرہ کروں گاسکھر آئی بی اے کے ساتھ سندھ حکومت نے پہلے بھی تعاون کیا اور آئندہ بھی جاری رہے گا۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ”ایس آئی یو ٹی“سکھر کے تمام شعبوں کا دورہ کیااور مریضوں سے خیریت دریافت کی۔اس موقع پروزیراعلیٰ سندھ کو سکھر بائی پاس پر5 بلین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے نیو ایس آئی یوٹی بلڈنگ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسپتال میں 100 مریضوں کے ڈائلاسسزہوتے ہیں جبکہ جگر کی پیوند کاری کے لیے مریضوں کو کراچی روانہ کیا جاتا ہے نئے اسپتال کے تعمیر سے جگر کی پیوند کاری سکھر میں ہوگی اور روزانہ تقریباً 500 مریضوں کے ڈائلاسسز ہونگے اس اسپتال سے سندھ ،پنجاب اور بلوچستان کے عوام مستفید ہونگے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسپتال کے تمام شعبوں میں گردوں کے مریضوں سے ملاقات کی۔ دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سکھر یونیورسٹی کے قیام کیلئے زمین اور فنڈ جلد فراہم کریں گے ، مہر میڈیکل کالج کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں بھی دور کردی جائیں گی وہ اپنے دورہ سکھر کے دوران سکھر ہاؤس میں آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے صدر حاجی محمد ہارون میمن کی قیادت ملنے والے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔