• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے مسئلہ کشمیر پر کوئی نئی بات نہیں کی، شجاعت ، پرویز الٰہی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنماچوہدری پرویزالٰہی، چوہدری وجاہت حسین اور چوہدری شفاعت حسین نےچوہدری ظہورالٰہی شہید کی 35ویں برسی پر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہم شہید کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت، تحفظ اور پاکستان کی سربلندی کا ان کا مشن جاری رکھیں گے، چوہدری پرویزالٰہی نے ظہورالٰہی ہائوس میں اجتماع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر کوئی نئی بات نہیںکی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی اداروں نے نوازشریف کو مودی کے خلاف بلوچستان میں مداخلت اور پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے بارے میں مکمل اور ٹھوس ثبوت دئیے لیکن نواز شریف نے  جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر میں ان کا ذکر تک نہیں کیا۔نوازشریف نے مودی کی دوستی میں کوئی بات نہیں کی کیونکہ وہ ان کو اپنے گھر شادی پر بلاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ نوازشریف پاکستان میں ہندوستان کی بدترین دہشت گردی اور براہمداغ بگتی کو ابراہیم کے نام سے بھارتی شہریت دینے کے بارے میں بھی چپ ہیں۔اگر مودی نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے لگ پتہ جائے گا، جہاد کے فتویٰ کے بعد بھارت کا کیا حال ہو گا وہ خود اندازہ لگا سکتے ہیں۔ چوہدریی ظہورالٰہی شہید کی برسی گجرات میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی، قرآن خوانی کے بعد قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی ہوئی۔ اجتماع سے چوہدری ظہیرالدین اور میاں عمران مسعود نے بھی خطاب کیا جبکہ سابق ارکان اسمبلی، یوسی چیئرمین، منتخب بلدیاتی نمائندوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں چوہدری وجاہت حسین، چوہدری شفاعت حسین، ریاض اصغر چوہدری، میجر (ر) طاہر صادق، حسین الٰہی، میاں شہزاد طفیل، ڈاکٹر انصر، صفدر وڑائچ، سلیم کمبوہ، میاں پرویز پگانوالہ، مظہر نت، خالد اصغر گھرال، عبداللہ یوسف، اکرم بابر کھوکھر، ذوالفقار پپن، عمر شیخ اور دیگر لیگی عہدیدار نمایاں تھے۔ اس موقع پر ن لیگ کے زونل صدر چود ھر ی اعجاز احمد گوندل نے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ فاتحہ خوانی اور اجتماعی دعا پیر رضوان منصور عوامی نے کرائی۔
تازہ ترین