• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رائیونڈ مارچ پرویز خٹک خیبر پختونخوا کے قافلہ کی قیادت کریں گے، حکمت عملی طے

پشاور(سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی قیادت نے ’’ رائیونڈ مارچ ‘‘کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی ہے، وزیر اعلیٰ پرویز خٹک خیبر پختونخوا کے قافلہ کی قیاد ت کریں گے جبکہ پارٹی کے ہر وزیر، مشیر، معاون خصوصی، پارلیمانی سیکرٹری اور ایم پی اے سمیت تمام زونز کے صدور کو زیادہ سے زیادہ کارکنوں  کو لانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ۔ صوبائی حکومت اور پارٹی نے رائیونڈ مارچ کو کامیاب بنانے اور ریکارڈ تعداد میں لوگوں کو جمع کرنے کیلئے رابطہ عوام مہم اور کارنر میٹنگز  کا آغاز کردیا  اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بھی صوبہ کے عوام کو رائیونڈ مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پانامہ لیکس کی  انکوائری نہ ہونے اور ملک میں کرپشن کیخلاف 30مارچ کو رائیونڈ مارچ اور وزیر اعظم کی رہائشگاہ کے قریب جلسہ عام کا اعلان کیا ہے جس کیلئے ملک بھر کی طرح صوبہ خیبر پختونخوا میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور صوبائی حکومت کے ذمہ داران اور حکمران جماعت کے اکابرین نے رائیونڈ مارچ کیلئے اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے، اس سلسلے میں خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان مشتاق احمد غنی نے ’’ جنگ‘‘ کو بتایاکہ ملک میں کرپشن اور کرپٹ اشرافیہ کے احتساب کی مہم فیصلہ کن مرحلہ میں داخل ہوگئی ہے،30ستمبر کا رائیونڈ مارچ کرپٹ حکمرانوں کیلئے یوم حساب اور روشن پاکستان کا سنگ میل ثابت ہوگا، انہوں نے کہاکہ ملک بھر کی طرح  خیبر پختونخوا میں بھی رائیونڈ مارچ کیلئے تیاریاں بھر پور طریقے سے جاری ہیں اور صوبائی حکومت کے ذمہ داران اور صوبہ میں پارٹی قائدین کے مابین کئی اجلاس منعقد ہوچکے ہیں جس کے نتیجے میں رائیونڈ مارچ کیلئے حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا سے رائیونڈ مارچ  میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے، پارٹی کے ہر وزیر، مشیر، معاون خصوصی، پارلیمانی سیکرٹری  اور ایم پی اے سمیت تمام زونل صدور کو پارٹی کے عام کارکن کی حیثیت سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو لانے کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جبکہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک خیبر پختونخوا کے قافلہ کی قیادت کریں گے۔
تازہ ترین