• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ادویہ سازمصنوعات کا مضبوط ایکسپورٹر بن سکتا ہے،کاظم حسنین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)فارما بیورو کے چیئرمین کاظم حسنین نے کہا ہے کہ ایک محفوظ ماحول اوربہترین ریگولیٹری فریم ورک کے ساتھ پاکستان نہ صرف سرمایہ کاری کیلئے ایک مثالی ملک ہے بلکہ ادویہ ساز مصنوعات کے لئے ایک مضبوط برآمد کنندہ (ایکسپورٹر )بن سکتا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 2010میں میککنزی اینڈ کمپنی نے حکومت پاکستان کی جانب سے تشکیل دیئے گئے پاکستان بزنس ڈیولپمنٹ پلان میں 5سال کی دواسازمارکیٹ کا تخمینہ 4ارب امریکی ڈالر لگایا تھا (جن میں ایک بلین امریکی ڈالر برآمدات کے بھی شامل تھے)جبکہ پاکستان کو قیمتوں کی نگرانی ختم کرنے اور مسابقتی قوتوں کو قیمتیں کم کرنے کی اجازت دی تھی ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری مارکیٹ 2.9ارب امریکی ڈالر پر ہے جبکہ برآمدات تقریباً20کروڑ امریکی ڈالرز کی ہیں جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہم بہت زیادہ پیچھے ہیں ۔ اس کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ بہت سارے مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ نہیں اٹھایا جارہا ۔انہوں نے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال اس وقت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہے اور مریض کو صحت کی بہتر سہولتوں تک رسائی پر کام جاری ہے تاہم اس دواساز صنعت کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنے اور درمیانے یالمبے عرصے کی  بہترحکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم مل کر کام کریں اور اس بات پر یقین رکھیں کہ ایک جدید ادویہ ساز صنعت قوم کی صحت کے لئے ضروری ہے ۔اور اس کی بقا کے لئے پالیسیوں اور تعاون کی ضرورت ہے جس سے ضرورت مندوں کو جدید طریقہ علاج میسر ہوسکے گا۔
تازہ ترین