• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

14ہائیر سیکنڈری اسکولوں اور کالجوں کے نتائج صفر فیصد رہے

کراچی(سید محمد عسکری اسٹاف رپورٹر) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے آرٹس ریگولر کے سالانہ امتحانات برائے 2016ء کے نتائج کے مطابق 14 ہائیر سیکنڈری اسکولوں اور کالجوں کے نتائج صفر فیصد رہے، چار تعلیمی اداروں نے 10فیصد یا اس سے کم نتائج حاصل کیے جبکہ چھ کالجوں کے نتائج 90 سے 100فیصد رہے۔آرٹس ریگولر گروپ میں صفر فیصد نتائج حاصل کرنے والے تعلیمی اداروں میں گورنمنٹ کمپری ہینسو بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول کورنگی نمبر تین، شہید ذوالفقار علی بھٹو گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج، فیڈرل گورنمنٹ بوائز انٹر کالج، گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول نمبر دو کے ایریا کورنگی، النور ڈگری کالج آف کمپیوٹر سائنس، فاطمہ زہرہ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج قائد آباد، السید آرٹس کامرس انٹرمیڈیٹ کالج، مسلم پبلک ہائیر سیکنڈری اسکول اورنگی ٹائون، گورنمنٹ سٹی کالج (مارننگ)، علامہ اقبال انٹر گرلز کالج اسٹیل ٹائون، اقراء انٹرمیڈیٹ کالج فار بوائز اینڈ گرلز شاہ فیصل کالونی، گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج کے ایم سی اسٹور نشتر روڈ اور گورنمنٹ علامہ اقبال ڈگری کالج (ایوننگ) شامل ہیں۔ اسی طرح آرٹس ریگولر میں جن تعلیمی اداروں نے 90سے 100فیصد نتائج حاصل کیے ان میں شاہین پبلک کالج گلستان جوہر، سی اے ایم ایس گرلز کالج ٹیپو سلطان روڈ، جوہر ڈگری کالج سائنس، کامرس اینڈ آرٹس، آئیڈیل ڈگری کالج گلشن اقبال، اقراء حفاظ ڈگری کالج، اور فاطمہ گرلز کالج کیمپس شامل ہیں۔تاہم ان چھ میں سے پہلے پانچ تعلیمی اداروں میں طلباء کی تعداد 10سے کم تھی جبکہ چھٹے نمبر پر موجود کالج سے 22امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے۔ 90فیصد سے 100فیصد نتائج حاصل کرنے والے سی اے ایم ایس گرلز کالج ٹیپو سلطان روڈ، جوہر ڈگری کالج سائنس، کامرس اینڈ آرٹس اور آئیڈیل ڈگری کالج گلشن اقبال سے ایک ایک ، شاہین پبلک کالج گلستان جوہر سے دو، اقراء حفاظ ڈگری کالج سے سات جبکہ فاطمہ گرلز کالج کیمپس سے 22امیدواروں نے امتحانات میں شرکت کی۔
تازہ ترین