گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس میں ون یونٹی اور اخلاق بٹ گروپ کے حمایت یافتہ امیدوار سعید تاج سال 2016/17کیلئے بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئے ہیں جبکہ سینئر نائب صدر اور نائب صدر کے عہدوں کیلئے امیدواروں نے کاغذات جمع کروا دیئے۔ سینئر نائب صدر کیلئے ون یونٹی گروپ کے شیخ عبدالرئوف‘ حاجی ارشاد احمد‘ حافظ عبدالوحید جبکہ نائب صدر کیلئے ون یونٹی گروپ کی طرف سے کامران خالد بٹ اور قیصر غفور نے کاغذات جمع کروائے ہیں جن کی سکروٹنی آج ہوگی جبکہ انتخابات 28ستمبر کو ہونگے۔ بتایا جاتا ہے کہ ون یونٹی گروپ میں ڈرامائی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ قبل ازیں تمام امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہونا تھے مگر گروپ میں کشیدگی کے باعث مختلف تنازعات کھڑے ہو گئے جس کی وجہ سے شیخ ثروت اکرام‘ شیخ نسیم اور اخلاق احمد بٹ کے مابین مقابلے کا امکان ہے۔