• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کبھی بھی بھارت کاحصہ نہیں تھا، ملیحہ لودھی

Occupied Kashmir Is Not A Part Of India Or Not To Be Part Of India In Future
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ کا بیان فریب اور اشتعال انگیزی کو ظاہر کرتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کبھی بھی بھارت کاحصہ نہیں تھا اور نہ ہو گا۔پاکستان بھارت کے ساتھ سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے جواب میں پاکستانی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے تمام الزام بے بنیاد ہیں، ایسے بیانات بھارتی حکومت کی پاکستان کے لیے بغض کو ظاہر کرتے ہیں ۔

بھارتی الزامات لگانے کا مقصد دنیا کے سامنے بے گناہ کشمیری عورتوں اور بچوں پر ظلم سے توجہ ہٹانا ہے، گزشتہ ڈھائی مہینوں میں 100 سے زائد کشمیری شہید اور سینکڑوں بینائی سے محروم ہو چکے ہیں ،بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل عام مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ یہ ریاستی دہشت گردی اور جنگی جرائم کی بد ترین مثال ہے۔

جموں وکشمیرایک متنازعہ علاقہ ہے ،فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہوناہے۔ ملیحہ لودھی نے کہا کہ پچھلے 50 سالوں میں بھارت ہمسایہ ملکوں میں دہشت گردی کی معاونت کرتا رہا ہے، بھارت کی پاکستان میں مداخلت ریکارڈ پرموجود ہے،بھارتی جاسوس کل بھوشن یادیو نےبھارتی تخریبی سرگرمیوں کااعتراف کیاہے۔

اڑی حملہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے توجہ ہٹانے کی کوشش تھا۔بھارت اقوام متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن کو مقبوضہ کشمیر میں تحقیقات کرنے دے۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے تعطل کی وجہ خود بھارت ہے۔

پاکستان مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے مذاکرات کا حامی ہے، یو این جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیر اعظم نواز شریف نے بھی بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔
تازہ ترین