راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس کے ملازمین کی سنیارٹی لسٹوں کی درستی کاکام چھٹی کے باوجودپیرکوبھی جاری رہا۔سی پی او اورآرپی اوآفسزمیں رات گئے متعلقہ سٹاف کام کرتارہا۔آؤٹ آف ٹرن پروموشن کی واپسی کے بعد پولیس ملازمین کی بنائی گئی سنیارٹی لسٹوں کی درستی کے لئے چندروزپہلے عدالت عظمٰی نے احکامات جاری کئے تھے ۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے معاملات ٹھیک کرکے 28ستمبرکو آئی جی پولیس پنجاب کورپورٹ پیش کرنے کا حکم دیاگیا ہے جس کے لئے پنجاب بھرکے ضلعی اورریجنل پولیس دفاترمیں کام جاری ہے ،پیرکوراولپنڈی کے صوبائی حلقہ پی پی 7ٹیکسلامیں ضمنی الیکشن کی وجہ سے مقامی طورپرعام تعطیل کااعلان کیاگیاتھا جس کی وجہ سے آرپی اواورسی پی اودفاترمیں کام کرنے والے منیجیریل سٹاف نے بھی چھٹی کی تاہم شام کودونوں دفتروں کے عملے کوطلب کرلیاگیا اورحکم دیاگیاکہ وہ سنیارٹی لسٹوں کی درستی کاکام کریں۔ذرائع کے مطابق قبل ازیں پنجاب پولیس کے ساڑھے دس ہزارملازمین کومختلف اوقات میں دی گئی آؤٹ آف ٹرن پروموشنز واپس لے لی گئی تھیں اوراس عمل میں شہیدہونے والے ملازمین،ریٹائرڈاوروفات پاجانے والے ملازمین کی انعامی ترقیاں بھی واپس لے لی گئیں،چندروزقبل سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران فاضل عدالت نے اس عمل پرناپسندیدگی کااظہارکیاجس کے بعدسنٹرل پولیس آفس لاہورکی جانب سے نئی گائیڈلائن جاری کی گئی جس کے مطابق ریٹائرڈ،فوت ہونے والے اورشہادت پانے والے ملازمین کی سابقہ سنیارٹی بحال کرنے کاکہاگیا،اسی طرح ایسے ملازمین کہ جنہیں آؤٹ آف ٹرن پروموشن ملی اورانہوں نے پروموشن کورسزپاس نہیں کررکھے تھے اوراب وہ پروموشن کورسزمیں اوورایج ہونے کی وجہ سے شامل نہیں ہوسکتے انہیں بھی ان کے بیج میٹس کوملنے والے بینیفٹس دینے کاحکم دے دیاگیاہے جبکہ علاوہ ازیں سنیارٹی لسٹوں کی ری فکسیشن کے دوران اگرکوئی کمی رہ گئی ہے تواسے بھی درست کیاجارہاہے ۔