• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب ریلی نے حکمران پارٹی کی صفوں میں کہرام مچا دیا ، پرویز خٹک

پشاور ( نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی شفاف حکمرانی ، میرٹ کی بالادستی اور اداروں کی شفافیت جیسے اقدامات سے واضح تبدیلی نظر آرہی ہے ۔30تاریخ کی احتساب ریلی اور عوامی جوش و خروش نے حکمران پارٹی کی صفوں میں کہرام مچا دیا ہے اُن کی صفوں میں بے چینی اور بے اتفاقی نظرآرہی ہے ۔ ہمارا ملک لیٹروں اور بدعنوان حکمرانوں کیلئے نہیں بنا ہمیں عمران خان جیسے دیانتدار اور ایماندار لیڈر کی ضرورت ہے جو اس ملک کو ترقیافتہ ممالک کی پہلی صف میں لاکھڑا کرے وہ امان اﷲ خان ایڈوکیٹ کی سربراہی میں ہنگو کے ایک جرگہ سے خطاب کر رہے تھے ۔پی ٹی آئی رہنما یوسف ایوب اور صوبائی مشیر اکبر ایوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔امان اﷲ ایڈوکیٹ نے اپنے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور کہاکہ وہ اور اُن کے ساتھی تبدیلی نظر آنے کی وجہ سے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں نئے ساتھیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ وہ خود وزیر تھے اور نا اُمید ہو چکے تھے یہی وجہ تھی کہ انہوں نے اقتدار کو ٹھوکر ماری اور عمران خان کی تبدیلی کے نعرے کا ساتھ دیا اور ملک سے بدعنوانی اور ناانصافی کا خاتمہ کرنے کیلئے اُٹھ کھڑا ہوا ۔ہماری حکومت نے ریفارمز کئے ، نئے سوچ کو پروان چڑھایا ، عوام کو بااختیار بنایا، لوگوں کو ملک سے گند صاف کرنے کیلئے از سر نو تیار کیا اور تبدیلی کے ایجنڈے کو آگے بڑھاتے رہے وہ صوبے کے ہر ضلع جانے کا ارادہ کر چکے ہیں تاکہ لوگوں کو منظم کر کے ملک سے تمام برائیوں کو ختم کریںہماراایجنڈا رشوت کا خاتمہ ، میرٹ کی بالادستی، شفاف حکمرانی ہے تاکہ لوگوں کو انصاف ملے عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے حق کیلئے اُٹھ کھڑے ہوں ، پولیس کو عزت اسلئے مل رہی ہے کہ وہ عوام کو عزت دینے لگے ہیں ہم نے ہر شعبے میں ریفارمز کئے ، بھرتیاں میرٹ پر ہو رہی ہیں ، حقدار کو حق مل رہا ہے ، سفارش کا خاتمہ کیا ہے کیونکہ عمران خان کا ایجنڈا ہے کہ حقدار کو حق ملے اور غریب سہاروں کے پیچھے نہ پھرے بلکہ ایک ایسا نظام ہو جو انصاف پر مبنی ہو اور حقدار کو حق ملے انہوںنے کہاکہ پورے ملک کے عوام کی پی ٹی آئی پر نظر ہے اور عمران خان کی طرف دیکھ رہے ہیں عوام صوبے کی تبدیلی پورے پاکستان میں چاہتے ہیں کیونکہ اگر صوبے میں سیاسی مداخلت ختم ہو ئی ہے ، ادارے از سر نو منظم ہو گئے ہیں ، ڈاکٹر ، اساتذہ ، پٹواری اور سرکاری اہلکاروں کی تبادلوں اور تقرریوں پر سیاست نہیں ہو رہی تو اس سے کرپٹ حکمرانوں کے پیٹ میں مروڑ اُٹھ رہے ہیں ۔ صحت اور تعلیم کے شعبے میں اصلاحات سے کرپشن ، بدعنوانی اور اقرباء پروری کا خاتمہ ہو اہے ۔انہوں نے کہاکہ اس ملک کو تباہ کرنے میں دوسروں سمیت سیاستدان بھی مجرم ہیں جب حکمران اپنے مرضی کے لوگ تعینات کرتے ہیں تو وہ عوام کی خدمت نہیں کرتے ۔دریں اثناءوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام دوست پالیسی کے تحت صوبے میں بیرونی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہے گی صوبے میں صنعتکاروں کو کاروبار دوست ماحول اور پرکشش مراعات دینے کے ساتھ ون ونڈ و آپریشن کی سہولت دی جارہی ہے اور اس مقصد کیلئے بااختیار کمپنی ازدمک بنا دی گئی ہے۔ان کی حکومت نے تمام شعبوں میں گراں قدر اصلاحات کی ہیں اور بہترین خدمات کی فراہمی کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔ وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی کی سربراہی میں وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔ اٹارلین پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد ممبر آفتاب بھی وفد کے ہمراہ تھے ۔ آفتاب نے اس موقع پر انکشاف کیا کہ اٹلی کی حکومت خیبر پختونخوا کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں اٹلی کا اعلیٰ سطحی وفد عنقریب خیبر پختونخوا کاد ورہ کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ اٹلی کی حکومت کو صوبے میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے خوش آمدید کہیں گے۔انہوںنے واضح کیاکہ اس سلسلے میں فزیبلٹی بھی تیار ہے۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اٹلی کی حکومت پینے کے صاف پانی کی سکیموں سمیت کئی دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہے۔
تازہ ترین