• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمندری پانی میں آلودگی ، ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر سے متعلق رپورٹ طلب

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) سینٹ قائمہ کمیٹی موسمیاتی  تغیرات کی ذیلی کمیٹی نے کراچی کے ساحل کے قریب سمندری پانی میں آلودگی اور دفاعی تنصیبات کی حساسیت کے پیش نظر جزیرہ بنڈل پر ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ، کمیٹی کا اجلاس منگل کو ثمینہ عابد کی زیر صدارت  ہوا،  اجلاس میں وزارت موسمیاتی تغیرات کو ہدایت کی گئی کہ ایل این جیٹرمینل کی تعمیر کے حوالے سے دفاع، پٹرولیم و قدرتی وسائل، پورٹس اینڈ شپنگ کی وزارتوں اور سندھ حکومت کے ساتھ مشاورت کا اہتمام کیا جائے اور اس حوالے سے واضح رپورٹ ایک ہفتے کے اندر پیش کی جائے، تاج حیدر، شیری رحمٰن اور کریم احمد خواجہ کی جانب سے جزیرہ بنڈل پر ایل این جی ٹرمینل سے متعلق خدشات پر مبنی  سینٹ میں پیش کئے گئے توجہ دلاؤ نوٹس پر بحث کی گئی، کمیٹی نے اس حوالے سے متضاد بیانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بارے میں واضح جواب دینے کی ضرورت ہے کہ جزیرہ بنڈل پر ایل این جی کا منصوبہ موجود ہے یا نہیں، کمیٹی نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو ہدایت کی کہ بین الوزارتی مشاورت کے بعد تیار کی جانے والی رپورٹ میں فعال اور مجوزہ ایل این جی ٹرمینلز، این او سی کیلئے درخواستوں اور سمندری حیات کیلئے ان ٹرمینلز کے منفی اثرات کے علاوہ دفاعی تنصیبات کو درپیش خطرات سے متعلق تمام تفصیلات شامل ہونی چاہئیں، موسمیاتی  تغیرات، دفاع اور پٹرولیم کی وزارتوں  کے نمائندوں نے  بتایا کہ ریکارڈ کے مطابق اس مقام پر کوئی ایل این جی ٹرمینل موجود نہیں ہے اور انہیں اس سلسلے میں کسی بھی این او سی کے اجراءکا علم نہیں، اب تک ایسی کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اور اگر کوئی درخواست آئی تو کمیٹی اور دیگر شراکت داروں کے خدشات کی روشنی میں اس کا جائزہ لیا جائے گا۔
تازہ ترین