• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت سفارتکاری کا موازنہ،جنرل اسمبلی کی حد تک جنگ پاکستان نے جیت لی چین کے یوم تاسیس کی تقریب کی جھلکیاں

اسلام آباد(محمد صالح ظافر+خصوصی تجزیہ نگار) عوامی جمہوریہ چین کے 67ویں یوم تاسیس کے حوالے سے پاکستان میں چین کے سفیر مسٹر شن ویڈنوگ کے استقبالئے میں منگل کی شام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تنازع کشمیر کو اجاگر کرنے کے بارے میں پاکستان اوربھارت کی سفارتکاری کا موازنہ ہوتا رہا۔ مہمان جو بڑی تعداد میں استقبالئے میں شریک تھے پاکستان کے وزیراعظم نوازشریف کے عالمی ادار ے سے خطاب کو بطورخاص سراہتے رہے مہمانوں کا خیال تھا کہ جنرل اسمبلی کے مباحثے کی حد تک جنگ پاکستان نے جیت لی ہے جہاں پاکستان نے اپنا مؤقف حد درجہ مؤثر پیرائے میں بیان کیا۔ جبکہ بھارت کو ہونے والی شکست کا اعتراف خود بھارت میں حکمران بی جے پی کی بڑی اتحادی پارٹی شیوسینا سمیت کئی دوسری پارٹیوں نے بھی کرلیا ہے۔ مہمانوں کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کیلئے اپنی سفارتی کوششوں کو تیزتر کرناچاہئے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق جو تقریب کے مہمان خصوصی تھے جب اظہار خیال کررہے تھے اور ان کی تقریر قدرے طوالت اختیار کرگئی تو انہوں نے متن سے ہٹ کر مہمانوں کی باہمی گفتگو کانوٹس لیتے ہوئے کہا کہ آپ حضرات باتیں کئے جارہے ہیں اس سے پہلے کہ وہ اسپیکر کے مخصوص انداز میں’’ آرڈر ان دی ہائوس‘‘ اور آرڈر، آرڈر، پکارتے مہمانوں کی بڑی تعداد ان کی طرف متوجہ ہو گئی۔ تقریب میں سابق وزیر اطلاعات و نشریات محترمہ سینیٹر شیری رحمٰن شوخ رنگ کا سرخ لباس پہن کر شریک ہوئیں جو چین کے قومی پرچم سے ہم رنگ تھا۔ چین کے سفیرنے بھی اس کی تعریف کی۔ ایک مہمان نے انہیں لعل پری کا خطاب بھی دیدیا وہ استقبالئے میں توجہ کامرکز بنی رہیں۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمداسحاق ڈار اور جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق اسٹیج پر کھڑے ہو کر تصاویر اتر واتے رہے۔
تازہ ترین