• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا میں اچھی حکمرانی کی بدولت نئے پاکستان کی راہ ہموار ہوئی، پرویز خٹک

پشاور ( نیوز ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اچھی حکمرانی ، کرپشن کے خاتمے ، ایمانداری کی وجہ سے نئے پاکستان کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔ہم نہ صرف دوبارہ اقتدار میں آکر صوبے کی روایت کو تبدیل کردیں گے بلکہ یہ پارٹی آئندہ سالوں میں لوگوں کے دلوں پر حکمرانی کرے گی ۔ سابقہ حکومت اور موجودہ حکومت میں یہ فرق ہے کہ وہ لوٹ کھسوٹ کرتے تھے اور ہم نے لوٹ کھسوٹ کے دروازے بند کئے ۔انہوںنے ورکروں سے کہاکہ وہ پارٹی منشور اور عمران خا ن کے وژن کو آگے بڑھائیں پی ٹی آئی غریب کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم نے پولیس ، اساتذہ ، ڈاکٹروں اور پٹواریوں کو ٹھیک کرکے صوبے کو مثالی صوبہ بنایا ہے اور مرکز میں پی ٹی آئی اقتدار میں آکر ملک کو ٹھیک کرے گی۔ ہم ملک سے کرپشن، بدعنوانی ، اقرباء پروری ختم کر یں گے اور عمران خان کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کیلئے نیا پاکستان بنائیں گے۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں زاہد درانی کی سربراہی میں مردان اور یوسف ترند کی زیر قیادت علیحدہ علیحدہ وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ 30 ستمبر کی احتساب ریلی کا مقصد اداروں کو جگانے اور اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کیلئے ان پر پریشر ڈالنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک کا ہر حکمران اور با اختیار لوگ اپنے اعمال کیلئے جوابدہ ہیں۔ ہم عوام کے وسائل اپنے مفادات کیلئے استعمال کرنے اور لوٹ مار پر بھی جوابدہی کا آئینی حق رکھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت صوبے کے تمام اضلاع کو وسائل دے رہی ہے۔ عوام کو ان وسائل کا علم ہونا چاہئے۔ ماضی میں منصوبوں کا اعلان ہوتا رہا ہے۔مگر اربوں روپے کے وسائل کہاں گئے کسی کو خبر نہیں۔ عوام کو پتہ ہونا چاہئے کہ عوامی فلاح کی جگہ وسائل کہاں استعمال ہوئے۔ مگر اب حالات بدل چکے ہیں اور ایک شفاف نظام وضع کر دیا گیا ہے ۔ ہم وسائل دے رہے ہیں توپوچھیں گے بھی کہ وسائل کا صحیح استعمال ہوا یا نہیں اور عوامی فلاح کے منصوبوں کا کیا ہوا۔ موجودہ حکومت اور اسکے ادارے وسائل کی منصفانہ تقسیم اور اسکے عوامی بہبود میں استعمال پر جوابدہ ہیں۔میں خود اضلاع کے دورے کرتا ہوں ادارہ جاتی اصلاحات اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتا ہوں اور پوچھتا ہوں کہ ان کو ریلیف مل رہا ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مردان کو ایک ارب روپے دے رہے ہیں تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ ہو سکے۔ اسی طرح صوبہ بھر میں جاری سکیموں کو وسائل دے رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ضرورت کی بنیاد پر سکیموں کی منظوری دیتے ہیں۔ بغیر پیشگی منظوری کوئی کام نہیں ہو گا۔ اگر کوئی سکیم ناگزیر ہے تو اسکے لئے پہلے منظوری لینی ہو گی۔ حکومت ترقیاتی بجٹ کا 30فیصد مقامی حکومتوں کو دے چکی ہے جبکہ ضرورت کی پنیاد پر ایکسٹرا وسائل بھی دے رہے ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ غریب عوام نے ماضی میں بہت مشکلات دیکھی ہیں۔ اب انہیں ریلیف دینے کا وقت آگیا ہے۔ ہم نے عوام کی فلاح اور اسکے لئے آسانیاں پیدا کرنے پر وسائل خرچ کئے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وہ سیاست کو خدمت سمجھتے ہیں ۔ اپنی جائداد اور اپنے ذاتی وسائل  بھی عوام پر خرچ کئے کیونکہ خدمت کے لئے قربانیاں دینی پڑتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے مشن  اور اعلیٰ جذبے کی ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت کے اسی وژن کی وجہ سے لو گ تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں اور اس کی مقبولیت میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بے روذگاری کے خاتمے کے لئے بھی اقدامات کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لئے صوبے بھر میں کارخانے لگائے جا رہے ہیں اور نوجوانوں کی فنی ترتیب کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ وہ با عزت طریقے سے روزگار حاصل کر سکیں۔ اب بھرتیوں کے لئے  انصاف پر مبنی شفاف طریقہ کار بنایا گیا ہے ۔ سفارش کلچر اور رشوت کا راستہ بند کر دیا گیا ہے۔
تازہ ترین