لاہور(نمائندہ خصو صی،مانیٹرنگ سیل) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے بھارتی فورسز کی کنٹرول لائن پر جارحیت کو بوکھلاہٹ کا نتیجہ قرار دے دیا اور کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر پاکستانی دستوں کی بھرپور جوابی کارروائی قابل تحسین ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزالٰہی نے کہا کہ نریندر مودی پاکستان اور کشمیر کا ہی نہیں بلکہ امن کا دشمن ہے، مقبوضہ کشمیر کو ہاتھ سے نکلتے دیکھ کر کنٹرول لائن پر فائرنگ اور ایسی کارروائیاں مودی کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع اور تحفظ کیلئے پاکستان کے عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہر حملہ آور کا منہ توڑ دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کنٹرول لائن پر شہید ہونیوالے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی دستوں کی بھرپور جوابی کارروائی قابل تحسین ہے، مودی حکومت ایسی کارروائیوں سے پاکستان کو خوفزدہ نہیں کر سکتی۔انہوں نے کہا افسوس ہے کہ نوازشریف اور دفترخارجہ نے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھارتی جاسوس کل بھوشن کی بلوچستان میں دہشت گردی اور کراچی میں ’را‘ کی تخریبی کارروائیوں سے متعلق قومی اداروں کے فراہم کردہ ثبوت اقوام عالم کے سامنے پیش نہ کر کے دہشت گرد مودی حکومت کو بے نقاب کرنے کا سنہری موقع کھو دیا ۔