کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر بھارت کی جانب سے پیدا کردہ کشیدگی پر قومی قیادت کو متحد کرنے کے لئے حکومت آل پارٹیز کانفرنس بلائے ورنہ پیپلز پارٹی یہ اے پی سی بلائے گی۔ بھارت نے پاکستان سے جنگ کی تو پیٹ پر پتھر باندھ کر بھی لڑیں گے۔رائیونڈ مارچ تحریک انصاف کا سیاسی فیصلہ ہے، وہ خود سمجھ سکتے ہیں کہ ان کوکیا کر نا چاہیئے۔ وہ پیپلز پارٹی میڈیا سیل سندھ میں قمر زمان کائرہ اور سینیٹر سعید غنی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ خورشید شاہ نے کہا کہ بھارت کا رویہ پاکستان کے خلاف جارحانہ ہے ریاست کو خطرناک چیلنجز کا سامنا ہے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے حکومت کو تمام سیاسی جماعتوں اور قوم کو متحد کرنا ہوگا۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پوری قوم کو اعتماد میں لے اور انہیں متحد کرے۔ پاکستان ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے۔ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی افسوسناک واقعہ ہے۔ بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف سازشیں کررہا ہے۔ ان سازشوں کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر پاکستان اور عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیرمیں بربریت کامظاہرہ کررہاہے،بھارت کھل کر دہشت گردی کررہا ہے ،بھارت کشمیرمیں اقوام متحدہ کی قرارداوں کی خلاف ورزیاں کررہاہے۔