• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت کشیدگی، روس بھی ہمنوا، دونوں مذاکرات کریں، امید ہے پاکستان اپنی سرزمین سے دہشت گردی روکے گا، روسی دفترخارجہ

ماسکو‘تہران(جنگ نیوز)پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں روس بھی امریکا کا ہمنوابن گیاہے ۔روس کا کہنا ہے کہ اسے امیدہےپاکستان اپنی سرزمین سے دہشتگردی روکے گا۔جمعہ کو روسی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ماسکونے کنٹرول لائن کی صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے پاکستان اور بھارت سے کہا ہے کہ وہ کشیدگی کو بڑھنے سے روکیں اورباہمی تناز عا ت کو مذاکرات کے ذریعے سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کریں ۔ بیان میں مزیدکہاگیاہے کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں ‘روس کاکہناتھاکہ اسے امید ہے پاکستان اپنی سرزمین سے دہشتگرد گروپوں کی سرگرمیاں  روکنے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے گا۔ دریں  اثناء ایرا ن نے بھارت اورپاکستان، دونوں سے صبر و تحمل سے کام لینے اور باہمی مشکلات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنے دونوں دوست اور ہمسایہ ملکوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ مکمل طور پر صبر وتحمل سے کام لیں اور مشکلات کو براہ راست مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کریں۔ بہرام قاسمی نے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک ہرقسم کے وقتی جذبات اور فوجی اقدامات سے گریز کرتے ہوئے معاملات کو پرامن اور دیرپا طریقے سے حل کرنے کے لیے منطقی راستہ اپنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے اور بحران کے نتیجے میں انتہا پسندوں، دہشت گردوں اور ان کے حامی ملکوں کو خطے میں بدامنی کو بڑھاوا دینے اور عدم استحکام پیدا کرنے کا موقع ملے گا۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت اور پاکستان جیسے عظیم تہذیبی ممالک ماضی کی طرح اس بار بھی مذاکرات اور افہام و تفہیم کا راستہ اپنا کر علاقائی اور عالمی بدخواہوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔
تازہ ترین