اسلام آباد (حنیف خالد) ایف بی آر عنقریب ساہیوال لاڑکانہ گجرات میں ریجنل ٹیکس دفاتر قائم کرے گا ملک بھر کے 54 مزید اضلاع میں ٹیکس ریفارمز کمیشن کے پلان کے مطابق ریجنل ٹیکس دفاتر کھولے جانے پر غور جاری ہے اس سے نہ صرف ملکی محصولات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں بھی لاکھوں کا اضافہ ممکن ہے۔ اس مجوزہ پلان کے مطابق ملکی محصولات کا میزانیاتی ہدف جو 3621 ارب روپے کا ہے نہ صرف وہ حاصل کیا جاسکتا ہے بلکہ آئندہ دو سالوں میں محتاط اندازے کے مطابق 5 ہزار ارب روپے تک پہنچ سکتا ہے، ٹیکس ریفارمز کمیشن کے اس مجوزہ منصوبے جس کو ایف بی آر کی بورڈ ان کونسل منظور کرچکی ہے کے تحت گیارہ نئے ریجنل ٹیکس آفس کھولے جائیں گے جن کے دفاتر ملک کے 54 اضلاع میں قائم کئے جائیں گے یہ پلان گزشتہ دس سال کے دوران جو ملکی معیشت میں اضافہ ہوا ہے جس کے تحت ملک کے طول وعرض میں جو اقتصادی ترقی ہو رہی ہے اس میں ملکی محصولات کا جائز حصہ نہ صرف وصول ہوگا بلکہ حاصل ہونے والے ریونیو سے حکومت کو مزید ترقیاتی منصوبے شروع کرنے میں آسانی ہوگی اس کا نتیجہ مزید اقتصادی ترقی کی شکل میں سامنے آئے گا۔ معلوم ہوا ہے کہ ساہیوال میں ریجنل ٹیکس آفس کھولنے کا منصوبہ آخری مراحل میں ہے جو چیئرمین ایف بی آر کی سفارش پر وزیر خزانہ ریونیو اقتصادی امور اسحاق ڈار کسی بھی وقت منظوری دے دیں گے۔