بیجنگ (جنگ نیوز) پیٹرا کویٹووا، آگنیسکاراڈونسکا اور میڈیسن کیز پیش قدمی برقرار رکھتے ہوئے چائنا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ چین میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز ایونٹ کے دوسرے راؤنڈ میں جمہوریہ چیک کی پلیئر پیٹراکویٹووا نے یفان وانگ کوا سٹریٹ سیٹس میں 6-4اور 6-1سے ہرا کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی، ایک اور میچ میں پولینڈ کی آگنیسکاراڈونسکا نے ایکامکارووا کو 6-3اور 6-4سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، امریکہ کی میڈیسن کیز بھی دوسری رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہیں انہوں نےکرسٹینا ملادینووچ کو شکست دی۔ایک گھنٹے 29 منٹ جاری رہنے والے اس میچ میں میڈیسن کیز نے ملادینوچ کو 7-5،6-4 سے ہرایا۔ دوسری جانب روس کی سیوتلانا کزنٹسیو نے جاپان کی میساکی ڈوئی کو 6-1،7-5سے شکست دی ۔ جس کے بعد اب سیوتلانا آئندہ میچ میں میڈیسن کیز کا سامنا کریں گی ۔ فرانس کی الیزے کورنیٹ نے سلواکیہ کی ڈومینیکا سبلکووا کو 6-2،5-7اور 6-2سے شکست دی ۔ رومانیہ کی سیمونا ہیلیپ نے بیلاروس کی یانینا وکمائر کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-2،6-2سے زیر کیا۔ دیگر مقابلوں میں ڈنمارک کی کیرولین وزنیا کی نے اٹلی کی روبرٹا ونسی کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3،6-2جبکہ چین کی شوئی زینگ نےامریکی ایلسن رسکے کو 6-3،4-6اور 7-6سے زیر کیا۔