لندن (پ ر) آل پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سیّد شان عباس عابدی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف جس جرأتمندانہ انداز سے بھارت کو مخاطب کرتے بلکہ للکارتے اور دھاڑتے ہیں، نواز شریف اس بیباکی کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ پرویز مشرف جہاں بھی ہوں وہ پاکستان سے والہانہ محبت کا اظہار اور اس کی وکالت کا حق ضرور ادا کرتے ہیں۔ جس وقت پرویز مشرف بات کرتے ہیں تو بھارتیوں کی بولتی بند ہوجاتی ہے۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیّد شان عباس عابدی نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت اوورسیز میں ہر برس 12اکتوبر یوم نجات کے طور پر منایا جاتا ہے، امسال بھی اس تاریخی دن کو برطانیہ اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم نجات کے طور پر منایا جائے گا۔ اس دن پاکستانیوں کو بادشاہت، موروثی سیاست اور بدعنوان مافیا سے نجات ملی تھی اور لوگ جشن منانے کیلئے شاہراہوں پر نکل آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور بلدیاتی نظام کی وساطت سے ترقیاتی انقلاب کا کریڈٹ پرویز مشرف کو جاتا ہے۔ پرویز مشرف کے اقتدار میں آنے سے عام آدمی بااختیار اور اس کا جمہوری نظام پر اعتماد بحال ہوا تھا مگر آج پنجاب سمیت چاروں صوبوں میں منتخب بلدیاتی نمائندے ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے ہیں۔