راولپنڈی (اپنے نامہ نگارسے، اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ ایریاز کے مزید 130مقامات سے ڈینگی لاروا نکل آیا، کینٹ بورڈ حکام کے مطابق بدھ کو انسداد ڈینگی کی ٹیموں نے راولپنڈی کینٹ ایریاز کی آبادیوں نصیرآباد ، دریا آباد، گوالمنڈی ، ٹنچ ، آدڑہ، احمد آباد ، پیپلز کالونی اور غوثیہ کالونی وغیرہ جبکہ چکلالہ کینٹ ایریاز کی آبادیوں ڈھیری ، ٹاہلی موہری ، طہماسب آباد ، رحیم آباد ، مریڑ حسن ، جھنڈا چیچی ، گلستان کالونی اور ٹاہلی موہری میں چیکنگ کی تو لاروا برآمد ہوا جسے عملہ نے موقع پر ہی تلف کر دیا۔دریں اثناء ڈسٹرکٹ آفیسر کوآپریٹو راولپنڈی چوہدری حسن عباس نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ رجسٹرار کوآپریٹو میر احمد شاہ اور محکمے کے دیگر افسران کے ہمراہ ائر پورٹ ہائوسنگ سوسائٹی میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کے جائزہ کے دوران حکومتی ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے پر کاروائی کی جس کے نتیجے میں لاروا برآمد ہونے پر سوسائٹی میں واقع دو ہوٹل اور دو دکانیں سربمہر کر دی گئیں۔