اسلام آباد(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہےکہ حکومت پارلیمنٹ کا اجلاس بلالیتی ہے مگراس کے پاس کسی سوال کا جواب نہیں ہوتا۔بھارت جھوٹے پروپیگنڈے سے دنیا کی ہمدردیاں سمیٹ رہا ہے اور ہم سچ بول کر بھی دنیا کو اپنا ہمنوا نہیں بناسکے۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتےہوئے انہوں نے کہاکہ ایوان کے اندر خرابیوں کی ذمہ دار اپوزیشن نہیں حکومت ہے جو اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈال رہی ہے۔ غرور اور تکبر کی بنا پر حکومت چلانے کا اب دور نہیں رہا۔کراچی میں پکڑے جانے والے اسلحہ کا ذخیرہ پورے شہر کو تباہ کرنے کیلئے کافی تھا حکومت بتائے کہ یہ اسلحہ کون لایا ،کہاں سے آیا اور کیا حکومت اور اس کی ایجنسیاں سوئی ہوئی تھیں۔کراچی پاکستان کا معاشی انجن ہے اس انجن کو بند کرنا یا اس پر قبضہ کرنا پورے پاکستان پر قبضہ کرنے کے مترادف ہے ۔اب بھی سیاست اور جرائم کی دنیا کو الگ نہ کیا گیا تو کسی وقت بہت بڑی تباہی کا سامنا کرناپڑ سکتا ہے ۔دریں اثنا سراج الحق اور لیاقت بلوچ نے جماعت اہلسنت کے سربراہ شاہ تراب الحق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔