ڈیرہ غازی خان (نمائندہ جنگ ،نامہ نگار) رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں نفاق اور انتشار کی کوئی گنجائش نہیں ، عمران خان پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن مسلم لیگ ن عوام کی طاقت سے ہر دھرنے اور سازش کو ناکام بنا دیگی ، یہ بات انہوں نے گذشتہ روز لاہور میں ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم سے ملاقات کرتے ہوئے کہی ، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کر کے کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ، اس لئے پی ٹی آئی کو اپنے فیصلوں پر غور کرنا چاہئے ، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور افواج پاکستان کو ہر شعبہ میں دشمن پر برتری حاصل ہے ، میاں حمزہ شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان کو جدید ترین شہر بنانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو سالوں کیلئے صوبائی حکومت ڈیرہ غازی خان کی ترقی کیلئے خصوصی پیکج کا لائحہ عمل مرتب کر رہی ہے ، جس کا بہت جلد اعلان کر دیا جائیگا ، اس موقع پر سید عبدالعلیم شاہ نے میاں حمزہ شہباز شریف کو بلدیاتی الیکشن کی مخصوص نشستوں اور آئندہ عام انتخابات کے بارے سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ممبر صوبائی اسمبلی سید عبدالعلیم شاہ آج وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے ملیں گے ،حمزہ شہباز شریف نے سید عبدالعلیم شاہ کو میونسپل کارپوریشن ڈیرہ غازی خان کے حوالے سے خصوصی فنڈز پیکیج دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔