پتوکی میں ایک بس ریلوے لائن عبور کرتے ہوئےمال گاڑی کی زد میں آگئی، حادثے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 19زخمی ہوگئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ پھاٹک کھلا ہونے کے ساتھ ساتھ بس ڈرائیورکی جلد بازی کے باعث پیش آیا، ریلوے حکام نے تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پتوکی میں ایک ٹیکسٹائل ملزکی بس مزدوروں کو لیکر جارہی تھی ، بس جب لنڈا پھاٹک پہنچی تو پھاٹک کھلا دیکھ کر ڈرائیور نے ادھر ادھر دیکھے بغیر جلدی سے بس گزارنے کی کوشش کی، بس کا اگلا حصہ تو پھاٹک سے گزر گیا لیکن عقبی حصہ مال گاڑی کی زد میں آگیا ۔
حادثے کے نتیجے بس میں سوار3 مزدور موقع پر جبکہ ایک جناح اسپتال لاہور منتقل کئے جانے کے دوران دم توڑ گیا، زخمی مسافروں کو لاہور اور مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا، حادثے کے بعد اہل علاقہ نے احتجاج کیا اور ریلوے لائنوں پر آگ جلا کر ٹریک بلاک کردیا جس کے باعث ٹرینوں کی آمدو رفت متاثر ہوئی۔
وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے گیٹ مین مبشر حسین اور انچارج اصغر علی کو فوری طور پر معطل کردیا اورگیٹ مین کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے فوری گرفتار کرنے کا حکم بھی دیدیا ہے۔
وزیر ریل نے حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے فی کس جبکہ زخمیوں کوتین،تین لاکھ روپے مالی امداد دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔