لندن (نیوز ایجنسیز) ٹیم منیجر سیم ایلرڈائس کی برطرفی کے باوجود ٹیم کی کارکردگی پر کوئی منفی اثر نہیں، انگلینڈ نے نئے باس گیراتھ سائوتھ گیٹ کی نگرانی میں کھیلتے ہوئے فٹ بال ورلڈ کپ کوالی فائیرز میں مالٹا کے دانت کھٹے کردیے۔ گروپ ایف کے میچ میں وین رونی کی انگلش ٹیم نے دو گول سے فتح نام کی۔ لندن ویمبلے اسٹیڈیم میں انگلینڈ کی جانب سے ڈیل ایلی اور ڈینیل اسٹریج نے گول اسکور کیے۔ عالمی نمبر 176 ٹیم کے خلاف انگلینڈ کی کارکردگی کو متاثر کن قرار نہیں دیا جارہا۔ لیکن موجودہ بحرانی صورتحال میں فتح بہر حال اطمینان بخش ہے۔ دوسری جانب تھامس مولر کے دو گولز کی مدد سے عالمی چیمپئن جرمنی نے کسی دقت کے بغیر جمہوریہ چیک کو 0-3 سے زیر کیا۔ گروپ سی میں اس کے دو میچز میں چھ پوائنٹس ہوچکے ہیں۔ جرمنی کی جانب سے تھومس میولر نے دو اور ٹونی کروس نے ایک گول اسکور کیا۔ جرمن ٹیم کوچ جوکھیم لیوف نے کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا ہے۔ پولینڈ نے ڈنمارک کو دو کے مقابلے میں تین گول سے زیر کیا، پولینڈ کی جانب سے روبرٹ لیوانڈوسکی نے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ یہ ان کی سیزن میں تین مختلف ایونٹس میں تیسری ہیٹ ٹرک ہے۔ وہ جرمن بنڈس لیگا اور جرمن کپ میں یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ دیگر میچز میں رومانیہ، مونٹی نیگرو، ناردرن آئرلینڈ سلووانیہ نے فتوحات سمیٹیں۔