راولپنڈی ، ہنگو،لاہور (مانیٹرنگ سیل ،نمائندگان جنگ) راولپنڈی میں یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیاگیاہے ۔ راولپنڈی میں 9اور 10محرم الحرام کو ڈبل سواری پر بابندی اور میٹرو بس سروس بھی بند ہے گی۔ذرائع کے مطابق سیکیو ر ٹی کے پیش نظر رینجرز کی خدمات لینے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔ ہنگو میں بھی نویں اور دسویں کو موبائل سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ شہر کی فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ درین اثناء پنجاب حکومت نے حساس اداروں کی رپورٹس پر حساس ترین اضلاع میں فوج کی تعیناتی کے لئے ایک بار پھر وفاقی حکومت سے رجوع کر لیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ خواہ کم سہی ،فوج کی کمپنیاں حساس ترین اضلاع میں بھیجی جائیں، اس کے ساتھ فضائی نگرانی کے لئے 2ہیلی کاپٹر اور کم از کم 42شہروں میں یوم عاشور پر موبائل فون سروس بند کر دی جائے۔