لاہور(نمائندہ جنگ)حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کو سالانہ غسل مبارک دینے کی تقریب ہوئی،جس میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار،صوبائی وزیربلال یاسین،عطامانیکا،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اورعقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف ،وفاقی وزیر اسحاق ڈاراوردیگر شخصیات نے حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کو عرق گلاب سے غسل دیا اورمزار پرپھولوں کی چادر چڑھائی۔وزیراعلیٰ شہباز شریف، وفاقی وزیر اسحاق ڈاراورسینکڑوں عقیدت مندوں نے اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی،استحکام اورقیام امن کے لئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔وزیراعلیٰ شہبازشریف، اسحاق ڈار اورسینکڑوں عقیدت مندوں نے نماز ظہر بھی ادا کی۔