لندن (نیوز ایجنسیز ) برطانیہ کے متنازع عالمی ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپئن ٹائیسن فیوری نئی مشکل میں پھنس گئے۔ برطانونی باکسنگ بورڈ آف کنٹرول نے ٹائسن فیوری کے کوکین کے استعمال کے اعتراف کے بعد ان کا باکسنگ لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔ 28سالہ برطانوی باکسر نے اعتراف کیا تھا کہ وہ ڈپریشن پر قابو پانے کے لیے کوکین کا استعمال کرتے رہے ہیں۔ انھوں نے اپنی آخری فائٹ نومبر2015میں ولادیمیر کلیچکوف کے خلاف لڑی تھی جس میں وہ سرخرو ہوئے تھے ۔ اس میچ کے بعد سے وہ دو بار باکسنگ میچ سے دستبردار ہوئے ہیں۔ انھوں نے اس میچ سے دستبرداری کے بعد رولنگ اسٹونز رسالے کو بتایا کہ وہ ڈپریشن سے نمٹنے کے لیے کوکین استعمال کر رہے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھالیکن چند گھنٹے بعد ہی اس سے مکر گئے تھے۔ انہوں نے عالمی ٹائٹل جیتنے کے بعد بیان دیا تھا کہ خواتین کو کچن تک محدود رہنا چاہیے اس پر بھی انہیں بے حد تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔