سڈنی ( نیوز ایجنسیز) آسٹریلوی ٹینس کے بیڈ بوائے نک کرگیوس ایک بار پھر مشکل میں پھنس گئے۔ ان پر کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی وجہ سے 16500 ڈالر جرمانہ کردیا گیا۔ عالمی نمبر 14 کرگیوس نے شنگھائی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ میں جرمن حریف میکا زیوریف کے ہاتھوں شکست کے دوران نہ صرف شائقین سے بد تمیزی کی بلکہ کورٹ میں بھی نازیبا زبان استعمال کی تھی۔ انہوں نے میچ کے دوران ریفری سے بھی بدکلامی کرتے ہوئے کہا کہ کیا میں اسی وقت گھر لوٹ سکتا ہوں۔ جرمانے کا اعلان کرتے ہوئے اے ٹی پی نے یہ بھی کہ کہا کرگیوس نے میچ میں اپنی بہترین کوشش ہی نہیں کی۔ اس سزا کے بعد عالمی اور خاص طور پر آسٹریلین میڈیا ان پر برس پڑا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ کھیل سے کنارہ کشی نہ صرف خود ان کے بعد ٹینس کے بھی بہترین مفاد میں ہے۔ یہ بھی لکھا گیا ہے کہ نک کرگیوس وہ کھلاڑی ہے جسے ٹینس سے نفرت ہے۔