• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں بادشاہت نہیں صرف جمہوریت ہے،سازشیں نہ کی جائیں،ایاز صادق

لاہور ( این این آئی) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی بادشاہت نہیں صرف جمہوریت ہے اور اس کی جڑوں کو مضبوط ہونے دیا جائے اور مزید سازشوں کی کوشش نہ کی جائے، حکومت اور عسکری قیادت میں کوئی تنائو نہیں،ایسی بات سے بھارت کو یہ پیغام جائے گا کہ ہم کمزور ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر بھارت کو واضح پیغام دینا چاہیے ، دھرنوں سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ، عمران خان پارلیمنٹ کے فورم پر آکر بات کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں اپنے انتخابی حلقہ کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ دھرنوں سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ عمران خان کو مشورہ دوں گا کہ آپ کو عوام نے منتخب کیا ہے کہ اسمبلی میں ان کے علاقے اور ملک کے مسائل حل کرانے کی بات کریں ۔ لہٰذا آپ کے پاس پارلیمنٹ کا فورم ہے ، قومی اسمبلی ، سینیٹ اور صوبائی اسمبلیاں ہیں جو بات کرنی ہے اس کے لئے یہی بہتر اور موضوع فورم ہیں ۔ عمران خان کو دعوت دیتا ہوں کہ قومی اسمبلی کا اگلا سیشن 7نومبر سے ہے وہاں آکر بات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملکی مسائل حل کروانے کی باتیں کرے ، انتخابات 2018ء میں ہی ہوں گے ۔ ملک میں بادشاہت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس نے بھی کہا کہ ملک میں بادشاہت قائم ہے میں ایسی کسی چیز سے اتفاق نہیں کرتا ، اس سے غلط تاثر دیا جا رہا ہے ۔ ملک میں تمام ادارے ، فوج ، سپریم کورٹ آف پاکستان ، وزارتوں سمیت محکمے قانونی دائرے میں رہ کر چل رہے ہیں ۔ اس لیے جس نے بھی بیان دیا میرا نظریہ اس سے مختلف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صرف جمہوریت قائم ہے اور اس کی جڑوں کو مضبوط ہونے دیا جائے اور اس کے خلاف مزید سازشیں کرنے کی کوشش نہ کی جائے ۔ایک اور سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اور عسکری قیادت میں کوئی تنائو نہیں ، اس طرح کی بات سے بھارت کو یہ پیغام جائے گا کہ ہم کمزور ہیں ۔ ہماری توجہ آپریشن ضرب عضب ، مسئلہ کشمیر اور بھارت پر ہے اور اس وقت انتشار کی بجائے اتحاد کی اشد ضرورت ہے اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہو کر بھارت کو واضح پیغام دینا چاہیے ۔
تازہ ترین