اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح 24.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ غیر ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں سے 19.5 ارب ڈالر سٹیٹ بنک آف پاکستان اور 5 ارب ڈالر کمرشل بنکوں کے پاس ہیں۔ اس بات کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے جمعہ کو اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے اس کامیابی پر وزیر اعظم اور قوم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر محض چند ہفتوں کے درآمدی بل کے لئے تھے لیکن اب یہ 6 ماہ کے امپورٹ بل کے لئے کافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو نئی سطح پر بڑھانے کے لئے ہم نے بہت محنت کی ہے۔ پاکستان اب تین سال پہلے والا ملک نہیں رہا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اب بہت مستحکم ہے اور بین الاقوامی سرمایہ کار اسے اپنی نئی سرمایہ کاریوں کی منزل سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب وزیر اعظم کی قیادت میں مسلسل محنت اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔