مردان( نمائندہ جنگ) عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں 35ویں سلیکشن بورڈ کا اجلاس پروفیسر ڈاکٹر احسان علی کی زیر صدارت جاری رہا۔ اس موقع پرنمائندہ پبلک سروس کمیشن خیبر پختونخواہ پروفیسر ڈاکٹر فاروق سواتی،ممبر سنڈیکیٹ ڈاکٹر شاہد جان،ڈین آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر نیاز،رجسٹرار شیر عالم خان ،ڈائریکٹر اکیڈمک پروفیسر ڈاکٹر سلیم اللہ، وائس چانسلر ناصرعلی خان ہری پور یونیورسٹی اور مختلف شعبوں کے ایکسپرٹس بھی موجود تھے۔سلیکشن بورڈکا اجلاس جن جن شعبہء جات کے لئے منعقد ہوا ان میں اسلامیات،ایگریکلچر،بائیو ٹیکنالوجی،مائیکرو بیالوجی،ریاضی ،بزنس ایڈمینسٹریشن،سوشیالوجی، اکنامکس، پاکستان سٹڈیز، سائیکالوجی، ایجوکیشن، ایگرونومی، باٹنی، کمیسٹری، انوائرمنٹل سائنسز، اینمل ہسبنڈری اینڈ ویٹرنری سائسنز، زوالوجی اور کمپیو ٹر سائنس شامل ہے۔سلیکشن بورڈ کے اجلاس میں پروفیسرزاور ایسوسی ایٹ پروفیسرز کے لئے امیدواروں نے انٹرویو دیئے۔ اجلاس میں دنیا بھر سے سکائپ کے ذریعے بھی امیدواروں نے انٹرویودیئے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان علی نے اس موقع پر کہاکہ سلیکشن بورڈ میں دنیا کی شعرہ آفاق یونیورسٹیوں سے امیدواروں نے حصہ لیا۔ان پی،ایچ،ڈی ڈاکٹرز کی سنڈیکیٹ کی منظوری کے بعد عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں پی ،ایچ،ڈی ڈاکٹر کی تعداد 200 سے تجاوز کر جائے گی اتنے کم عرصے میں یہ ایک ریکارڈ ہوگا۔جبکہ اس سے تحقیق کے میدان میں عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کو آگے جانے میں مدد ملے گی اور طلباء وطالبات بیرونی ملک پی،ایچ،ڈی ڈاکٹرز سے استفادہ کر سکیں گے۔