.پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے وزیراعظم نواز شریف سے کہا ہے کہ وہ وفاق کو کمزور نہیں کریں، صرف لاہور پاکستان نہیں ہے، پاکستان کے کسان کو برباد کردیا گیا، کس نے کھایا اور کون بھوکا سوگیا، انہیں کوئی پرواہ نہیں کیونکہ وہ تو بادشاہ ہیں اور بادشاہوں کو کوئی پرواہ نہیں ہوتی۔
چارسدہ کے علاقے عمر زئی میں پیپلزپارٹی کا جلسہ ہوا جس میں تحریک انصاف کے ضلعی رہنما نعیم خان نے دوبارہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ آج پھر ملک مقروض ہوتا جارہا ہے اور آج پھر وفاق کو خطرہ لاحق ہے، صوبوں کو حقوق دیے جائیں، ایک حادثہ برداشت کرلیا دوسرا برداشت نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے کہا تھا کہ وفاق ہماری طاقت ہے اسے کمزور نہ کریں، صرف لاہور پاکستان نہیں ہے، ڈیولپمنٹ ہے تو ہر جگہ سے ختم صرف لا ہور میں اور خیبر پختونخوا اگر اپنی رائلٹی مانگتا ہے کہ بجلی کے لیے رائلٹی دو تو وہاں کے لیے پیسے نہیں ہیں، اپنا حق آپ پختونوں کو نہیں دے رہے اور آج بات کرتے ہو وفاق کی۔
خورشید شاہ نے کہا کہ خود کو بادشاہ سمجھنے والوں نے پاکستان کے کسانوں کو برباد کرکے رکھ دیا ہے،آج آپ نے پاکستان کے کسان کو برباد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی ختم ہوگئی ان سے کہتا ہوں کہ اب بلاول نکل چکا ہے،اسمبلی میں بھی یہی کہتا ہوں کہ بلاول نکل چکا ہے، تیر نکل چکا ہے، جو لوگ کہتے تھے کہ پیپلزپارٹی ختم ہوگئی ان سے کہتا ہوں کہ ہم آگے بڑھ رہے ہیں، پارٹی کے روٹھے کارکنوں کو دعوت دیتا ہوں کہ واپس آؤ، بی بی یہاں تھی، بلاول یہاں ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ نعروں سے سیاست نہیں ہوتی، سیاست کو عملی طور پر ثابت کرنا ہوتا ہے، تبدیلی عوام کو خوشحالی دینے کا نام ہے۔