• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوسی زیدہ کو سوئی گیس کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، اسد قیصر

پشاور ( نیوز ڈیسک)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت یونین کونسل زیدہ ضلع صوابی کو سوئی گیس کی فراہمی سے متعلق ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس اسمبلی سیکرٹریٹ کے کانفرنس روم میں منعقدہوا۔اجلاس میں محکمہ سوئی گیس کے ڈپٹی چیف آفیسر سیلزخالد محمود ،ایکسین مردان فواد خان اور یونین کونسل زیدہ صوابی کے علاقہ عمائدین کا وفد منور شاہ باچا کی قیادت میں شریک تھا اجلاس میں یونین کونسل زیدہ سمیت این اے 13اور پی کے 35صوابی کو گیس کی فراہمی اور دیگر متعلقہ مسائل پر تفصیلی بحث کی گئی ۔ محکمہ سوئی گیس کے حکام نے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کی خصوصی کاوشوں سے علاقے کو گیس کی فوری فراہمی کیلئے تمام تر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ یونین کونسل زیدہ میں لڑولار کا سروے مکمل ہو چکا ہے اور پائپ لائن کی تنصیب پر کام جاری ہے جبکہ ڈوڈھیر لار اور ہسپتال بانڈہ کے علاقے 3کلومیٹر سے زیادہ ہیں جو کمپنی کے دائرہ اختیار سے زیادہ ہیں ۔ اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ دونوں علاقوں کا ازسر نوسروے کیا جائے اور تکنیکی اعتبار سے درست اعداد وشمار کا تعین کرکے زیادہ آبادی والے علاقوں کوپہلے مرحلے اور باقی ماندہ علاقوں کو دوسرے مرحلے میں کنکشن فراہم کئے جائیں۔ سوئی گیس حکام نے بتایا کہ بابو خیل کا لج لار میں 300فٹ پائپ لائن کی تنصیب کا کام تکمیل کے مرحلے میں اور اس علاقے کو جلد گیس فراہم کردی جائے گی۔
تازہ ترین